اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )وزیر اعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کنسورٹ کیمیلا کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے مئی کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے۔74 سالہ چارلس گزشتہ سال ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے، شاہی روایت کے مطابق برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کچھ مہینوں بعد قومی سوگ اور بھرپور تیاریوں کے بعد ہوتی ہے۔کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہوگی، تقریب میں آئرلینڈ، فرانس، اسپین، بیلجیم، جاپان، ہنگری اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر سے سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے۔قبل ازیں بکنگھم پیلس نے کہا تھا کہ شہزادہ ہیری بھی اپنی اہلیہ میگھن کے بغیر تاجپوشی میں شرکت کرینگے۔جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم 5 مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کرینگے اور 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان تقریبات میں شریک رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کرینگے۔