خصوصی عدالت :اغوا کیس میں گواہ تین پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری

29 اپریل ، 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر) سیشن جج ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں حکم عدولی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو 15 مئی تک ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان کے جج صادق مسعود صابر نے اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں تین گواہوں انسپکٹر سبطین احمد، اسسٹنٹ سب انسپکٹروں اللّٰہ ڈتہ ،عقیل احمد اور عنایت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس پی گلگشت کو انکی حاضری 3 مئی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے عدالت نے مذکورہ بالا پولیس آفیشلز کی تنخواہیں قرق کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملزمان گل خان ،اکبر ، سلطان، بارات خان نے ایک چھوٹے بچے کو اغوا کیا۔بعد ازاں اس نے ایک لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔اور پولیس نے اسے تاوان وصول کرتے ہوئے دھرلیا۔بعد ازاں اس کی نشاندہی پر بچے کو ملزمان سلطان اور اکبر کے گھر سے برآمد کیا گیا اور سلطان کی بیوی ثریا بی بی کو بھی حراست میں لےلیا گیا۔مدعی گل امیر خان نے 12 فروری کو اپنے چار سالہ بیٹے صدام خان کو تاوان کے لیے اغواء کرنے کا مقدمہ نمبر 257/22 پولیس تھانہ سیتل ماڑی میں درج کرایا تھا۔ جس میں اب پولیس اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ کے ساتھ تنخواہیں قرقی کے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں۔