ملتان (سٹاف رپورٹر) میٹرو بس منصوبے سے منسلک میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا منصوبہ مسلسل التواء کا شکار ہونے کے باعث عملہ کنٹینرز میں بنے دفتر میں کام کرنے پر مجبور ہے ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کے نوٹس لینے کے باوجود میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے لئے مختص کردہ فنڈز جاری نہ ہو سکے ، جس کی وجہ سے یہ منصوبہ مزید التواء کا شکار ہونے کا خدشہ ہے - تفصیلات کے مطابق میٹرو بس منصوبہ سے منسلک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر فعال نہ ہو سکا ، جس کی وجہ سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا عملہ کنٹینرز میں بنے دفاتر میں ہی کام کرنے پر مجبور ہیں - تفصیلات کے مطلوبہ میٹرو بس منصوبہ کا افتتاح جنوری 2017 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا ، میٹرو بس سے منسلک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میٹرو بس کے افتتاح کے سوا 6 سال بعد بھی فعال نہیں ہو سکا - معلوم ہوا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا منصوبہ بارہا ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہو سکا ، اب تعمیراتی کام 80 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے تاہم فنشنگ کا کام باقی ہے - میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی عدم فعالیت کے باعث عملے کو چونگی نمبر 9 پر کنٹینرز میں بنائے گئے عارضی دفاتر میں اپنی ذمہ داریاں نبھانا پڑ رہی ہیں ، دوسری جانب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے منصوبے کی تکمیل کیلئے 7 کروڑ 48 لاکھ کے فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں ، فنڈز کے اجراء کے لئے بھی کاوشیں کی جا رہی ہیں ، فنڈز ملتے ہی اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا -