واساسکیموں پر کام کی رفتار تیز نہ کی جا سکی، شہریوں کو پریشانی کا سامنا

29 اپریل ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن کا نوٹس بھی رائیگاں گیا ، واسا اسکیموں پر کام کی رفتار تیز نہ کی جا سکی - جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ، تفصیلات کے مطابق عوامی مشکلات پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری واسا اسکیموں پر سست روی سے جاری کام کا نوٹس لیا تھا اور دو شفٹوں میں اضافی لیبر لگا کر واسا اسکیمیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی عندیہ دیا تھا تاہم کمشنر عامر خٹک کی ہدایات کو واسا افسران نے یکسر نظر انداز کر دیا ہے - واسا اسکیموں کی تاخیر سے نہ صرف شہریوں کو سیوریج مسائل کا سامنا ہے بلکہ سڑکوں کی بحالی نہ ہونے سے ٹریفک کے مسائل بھی سنگین ہو چکے ہیں - شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک اپنے احکامات پر عملدرآمد کروانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ واسا اسکیمیں جلد مکمل ہو سکیں اور انہیں ریلیف میسر آ سکے -