ایس پی انویسٹی گیشن مظفرگڑھ کی تھانہ خان گڑھ میں کھلی کچہری

29 اپریل ، 2023

خان گڑھ ( نامہ نگار) ایس پی انویسٹی گیشن مظفرگڑھ ملک تنویر احمد نے تھانہ خان گڑھ میں کھلی کچہری لگائی انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا مقصد عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اور وقت کے ضیاع سے بچانا ہے جبکہ پولیس کی کارکردگی کی بھی جانچ پڑتال باآسانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کی داد رسی کی جائے اور مجرمان کے خلاف گھیرا تنگ کرنا پولیس کی اولین ترجیحات ہیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ احترام سے پیش آیا جائے ۔ کھلی کچہری میں متعدد سائلین کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی صدر سرکل فرحت رسول ، ایس ایچ او انسپکٹر قیصر حسنین ودیگر موجود تھے۔