سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مل بیٹھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، جاوید ہاشمی

29 اپریل ، 2023

ٹبہ سلطان پور(نامہ نگار ) ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مل بیٹھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہرادارہ اپنی آئنی حدود میں رہتے ہوئے مثالی کردار ادا کرے تاکہ ملک میں پائی جانے والی بے یقینی کی فضا ختم ہوسکے، ان خیالات کااظہار سینئرسیاست دان سابق وفاقی وزیر سید مخدوم جاوید ہاشمی نے گزشتہ روز ٹبہ سلطان پور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید الطاف حسین ہاشمی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے ملکی خزانہ پر بوجھ کم پڑے گا، اس لیے ملک کی بہتری کے لیے یہی ہے کہ دونوں طرف سے لچک دکھاتے ہوئےدرمیانی راستہ نکالا جائے تاکہ ملک میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی کی فضاء کو ختم کیاجاسکے، اس موقع پر سید شوکت حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔