انتظامیہ کاشت کاروں کے گھروں پر چھاپے مارنے سے باز رہے،پاکستان کسان اتحاد

29 اپریل ، 2023

وہاڑی (نامہ نگار) تحصیل صدر پاکستان کسان اتحاد ملک میاں طاہر محمود کمبوہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کاشتکاروں کے گھروں پر چھاپے مارنے سے باز رہے، ابھی گندم کی کٹائی جاری ہے اور انتظامیہ کاشت کاروں کے گھروں میں چھاپے مارکر گندم اٹھا رہی ہے، اس وقت چھاپے کیوں نہیں مارے گئے کہ جب کاشت کاروں کو کھاد نہیں مل رہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ ابھی گندم کی کٹائی نصف مرحلہ میں بھی داخل نہیں ہوئی اور انتظامیہ کو ٹارگٹ پورا کرنے کی فکر کھائے جا رہی ہے، مرکزی صدر پاکستان کسان اتحاد ملک ذوالفقار اعوان کی ہدایت پر جلد کاشتکاروں کو یکجا کرکے انتظامیہ کو واضح طور پر پیغام دیا جائے گا کہ اگر کسی کاشت کار کے ساتھ زیادتی یا زبردستی کی گئی تو اس کے نتائج کے لیے بھی انتظامیہ تیار رہے۔