سنچری سے اعتما د ملا،امام کیساتھ کھیل کر سیکھتا ہوں،فخر زمان

29 اپریل ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے کے مین آف دی میچ فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کو تیار ہوں، ٹی20 میں رضوان اور بابر اعظم کی بطور اوپنر پرفارمنس شاندار ہے، میں اوپننگ کی خواہش تب کروں، جب ان سے اچھا کھیلوں۔ اور ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری سے اعتماد ملا ہے، امام الحق کے ساتھ بیٹنگ کر کے اعتماد ملتا ہے، ان کے ساتھ کھیل کر کافی کچھ سیکھتا ہوں، شروع میں امام اتنی اچھی پرفارمنس نہیں دے پا رہے تھے لیکن ان کی پرفارمنس میں گزشتہ کچھ عرصے میں بہت نکھار آیا ہے۔ جب سے کرکٹ شروع کی تب سے بطور اوپنر کھیلتا آرہا ہوں، پسندیدہ پوزیشن اوپننگ ہے۔ لیکن میری ٹی ٹوئنٹی میں مڈل آرڈر میں بیٹنگ پوزیشن بنتی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شئیر کرتا ہوں، صائم ایوب نے فٹنس اور پرفارمنس کا خیال رکھا تو پاکستان کے لیے لمبا کھیلیں گے۔ ایک روزہ فارمیٹ میں کمبی نیشن بہترین بنا ہوا ہے، ورلڈکپ تک کم میچز ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔