کپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت، اپریل میں پودے کا درمیانی فاصلہ 12انچ رکھیں

29 اپریل ، 2023

فیصل آباد (اے پی پی) محکمہ زراعت (توسیع) کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے کپاس کی بی ٹی اقسام کے کاشتکاروں کو اپریل کے اختتام تک درمیانی کاشت کے دوران پودے سے پودے کافاصلہ 9سے12انچ اور مئی میں پچھیتی کاشت کے دوران فاصلہ 6سے 9انچ رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس دوران کھیلیوں سے کھیلیو ں کا فاصلہ اڑھائی فٹ تک رکھیں تاکہ فی ایکڑ پودوں کی تعداد مناسب رہ سکے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اگیتی و درمیانی کاشت کیلئے کھیتوں میں 161 کلوگرام نائٹروجن، 50کلوگرام فاسفورس اور 50کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ ڈالیں تاہم پچھیتی کاشت کے دوران یہ مقدار 80کلوگرام نائٹروجن، 55 کلو گرام فاسفورس اور 38کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔