آج دوسرا ون ڈے،پاکستان سیریز میں بر تری مستحکم کرنے کیلئے پُر عزم

29 اپریل ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہفتے کو پنڈی کر کٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔گرین شرٹس سیریز میں برتری مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں وائٹ واش ہونے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آ سکتی ہے۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہونے والے میچ سے قبل پنڈی میں ہفتہ کو بادلوں کے ساتھ ایک گرم دوپہر ہوگی اور اس کے بعد ٹھنڈی شام میں کھلاڑیوں کی آزمائش شروع ہوگی، وکٹ بیٹنگ کیلئے ساز گار ہوگی، تاہم اسپنرز کو کچھ مدد مل سکتی ہے، ٹاس ایک بار پھر اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کو بولنگ کے شعبے میں سبقت حاصل ہے، ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں اس سیریز کو اپنی ٹیم کے کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے کے لئے اہم قرار دے رہی ہیں، مڈل آرڈر میں دونوں ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، دوسرے میچ میں نیوزی لینڈکسی تبدیلی کے بارے میں سوچ رہا ہے تو جیمز نیشم راستہ بنا سکتے ہیں، پاکستان کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں ورلڈ نمبر ون رینکنگ کیلئے شکست کا جواز نہیں ہے، پہلے میچ میں جیت کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ فخر زمان اور امام الحق نے اچھا آغاز کیا۔ کوشش کرتے ہیں کہ بہتر سے بہتر پرفارم کریں۔ جیت کا کریڈٹ فاسٹ بولرز کو جاتا ہے بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں تمام کھلاڑیوں نےحکمت عملی پرعمل کیا۔ سنچری میکر فخرزمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ فخر نے شاندار سنچری اسکور کی۔ کپتان نے بیٹنگ پچ پر عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بولرز کی وجہ سے جیت ممکن ہوئی۔ ورلڈ کپ سے قبل ہمارے لئے ہر میچ کی اہمیت ہے۔ ہم فتوحات حاصل کرکے ایک متوازن کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، میگا ایونٹ سے قبل تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ایک سال سے اس فارمیٹ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے، پانچوں میچ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاری کے حوالے سے اہم ہیں، ہمارے پاس ایشیا کپ سمیت 8 میچز ہیں اور ہم ان میچز کو ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر لیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی کار کردگی سے ہمارے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں،ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شکست کا جائزہ لیا ہے اگلے میچوں میں، خامیوں کو دور کریں گے، بعض مرحلے پر کچھ غلطیاں ہوئی ہیں جسے دور کریں گے۔