تلیری کینال7 ماہ سے بند، عوامی نمائندوں کی خاموشی پر احتجاج

29 اپریل ، 2023

خان گڑھ ( نامہ نگار) تلیری کینال مظفرگڑھ کی گزشتہ 7 ماہ سے جبری بندش پر اور عوامی نمائندوں کی خاموشی پر احتجاج، متوقع الیکشن میں امیدواروں کی طرف سے کسانوں کی آواز نہ بننے پر ووٹ نہ دینے کا اعلان ،کسانوں کے مسائل حل نہ کرنے اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے موثر آواز نہ اٹھائے جانے پر اظہار ناراضگی، آموں کے باغات سوکھنے لگے ہیں جبکہ نئی فصل کی تیاری کے لیے بھی نہری پانی اشد ضروری ہے کسانوں کا موقف۔ تفصیل کے مطابق کسانوں فیض بخش ، نذیر احمد ملک، امیر بخش، محمد اقبال, منظور حسین ، بشیر احمد، محمد بخش، عبدالجبار، رحیم بخش و دیگر نے گزشتہ روز تلیری کینال مظفرگڑھ کی گزشتہ 7 ماہ سے جبری بندش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے نہری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہار حکام مظفرگڑھ ڈویژن نے تاحال تلیری کینال مظفرگڑھ میں نہری پانی کی فراہمی کے لیے تار نہیں بھجوائی اور نہ ہی پانی کی ڈیمانڈ کا لیٹر بھیجا گیا ہے جس سے مظفرگڑھ کے کسانوں کو نہری پانی کی قلت کا سامنا ہے اور ہزاروں ایکڑ رقبہ پانی کی قلت کی وجہ سے بنجر ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی جبری بندش پر عوامی نمائندوں نے بھی چپ سادھ لی ہے اور انہیں کسانوں کی کوئی فکر تک نہیں حالانکہ انتخابی مہم کے دوران تو سیاستدانوں نے کسانوں کے ساتھ بڑے وعدے وعید کیے تھے مگر کسانوں کے مسائل آج بھی جوں کے توں ہیں انہوں نے کہا کہ بروقت نہری پانی نہ ہونے سے آموں کے باغات سوکھ رہے ہیں اور نئی فصل کی کاشت کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔