زرعی سائنسدانوں کو فارمرز ڈیز میں شرکت کی ہدایت

29 اپریل ، 2023

فیصل آباد (اے پی پی) زرعی ماہرین و سائنسدانوں کو دالوں کی کاشت کے فروغ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلیے کاشتکاروں کی رہنمائی اور فارمرز ڈیز میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے نیز الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کی زیادہ سے زیادہ رہنمائی کیلئے اقدامات کا بھی حکم دیاگیاہے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں چنے، مونگ،ماش اور مسورکی دالوں کے زیر کاشتہ رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کے لیے تحصیل کی سطح پررعایتی قیمتوں پرکاشتکاروں کو نئی ڈرلز کی فراہمی کے ساتھ فی ایکڑ زیادہ پیداوار ی صلاحیت کی حامل دالوں کی نئی اقسام کا بیج رعائتی نرخوں پر فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ادارہ کے شعبہ دالوں کے زرعی سائنسدانوں نے دالوں کی ایسی نئی اقسام متعارف کرائی ہیں جو 30من فی ایکڑ سے زائد پیداواری صلاحیت کی حامل ہونے کے ساتھ بیماریوں اور خشک سالی کا بہتر مقابلہ کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں کم ذرخیز رقبوں اور موسمی تغیرات کے باعث دالوں کازیر کاشتہ رقبہ اور پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جدید تحقیق سے زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام کی تیاری سے دالوں کے زیر کاشت رقبہ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے نہ صرف ملکی سطح پر خود کفالت کا حصول ہوگا بلکہ دالوں کی درآمدات میں کمی کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔