میونسپل اسٹیڈیم میں کسان کپاس میلہ و کاٹن بازار کا افتتاح

29 اپریل ، 2023

لودھراں(نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر سید مشہد رضا کاظمی نے میونسپل اسسٹیڈیم لودھراں میں منعقدہ کسان کپاس میلہ و کاٹن بازار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لودھراں اشرف صالح، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) محمد ظفر ملک سمیت دیگر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سید مشہد رضا کاظمی نے کہاکہ نگران حکومت پنجاب کی جانب سے کاٹن بازار کا قیام نہایت احسن اقدام ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کاٹن بازار و کسان میلہ میں کپاس کے کاشتکاروں کےلئے ایک ہی چھت تلے معیاری بیج اور زرعی ادویات دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کاٹن بازار میں محکمہ زراعت اور پیسٹ وارننگ کا عملہ کپاس کے کاشتکاروں کےلئے مفید مشورے اور موقع پر معائنے کےلئے موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسان میلہ و کاٹن بازار میں کپاس سے متعلق بیج، زرعی ادویات سرکاری نرخوں پر فراہم کی جار ہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاٹن بازار کسانوں و کاشتکاروں کی سہولت کےلئے ایک ماہ تک جاری رہے گا اور کسان صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلاتفریق اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سید مشہد رضا کاظمی نے کہاکہ نگران حکومت پنجاب کاشتکاروں کو کپاس کی بہتر قیمت کو یقینی بنانے کےلئے مکمل پرعزم ہے۔