گال ٹیسٹ،سری لنکا ایک اننگز اور 10 رنز سے کامیاب

29 اپریل ، 2023

گال (جنگ نیوز) سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں آئرلینڈ کو بے حال کردیا۔ ہوم سائیڈ نے میچ ایک اننگز اور 10 رنز سے جیت کر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔ مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں اپنی تاریخ کا بہترین اسکور492 رنز بنایا لیکن اس کے باوجود اسے اننگز سے شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔ ٹیسٹ میچ کے آخری دن آئرش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ہیری ٹکرز 85 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے جبکہ رمیش مینڈس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میزبان ٹیم نے اپنی واحد اننگز تین وکٹ پر 704 رنز بناکر ختم کردی تھی۔ جس میں نشان مدوشکا اور کشال مینڈس کے ڈبل سنچریاں جبکہ اینجلو میتھیوز کی سنچری شامل تھی۔ اس میچ میں سری لنکا کے لیفٹ آرم اسپنر پربھاتھ جے سوریا نے اپنے کیریئر کے ساتویں ٹیسٹ میں 50 وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کے سابق اسپنر آلف ویلنٹائن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے کا اعزاز آسٹریلیا کے میڈیم پیسر چارلی ٹرنر پاس ہے، جنہوں نے 6 ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔