پشاور BRT منصوبہ 92 ارب روپے سے بڑھ گیا

29 اپریل ، 2023

پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کا خرچہ 92 ارب روپے سے اوپر چلا گیا ہے، بی آر ٹی پشاور کے لیے بینک گارنٹی بھی جعلی نکلی،اس بنک کا دنیامیں کوئی وجود نہیں ۔جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خٹک نے بتایا کہ بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید 10 سے 12 ارب روپے درکار ہیں، سارا پیسہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے قرضے کا ہے جو سود سمیت واپس کرنا پڑے گا۔ جبکہ کے پی کی نگران حکومت نےبی آر ٹی کیس میں سپریم کورٹ سے حکم امتناع واپس لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔بی آر ٹی پشاور کو دو سال میں 6 ارب سے زیادہ کا خسارہ ہو گیا ۔ شاہد خٹک کا کہنا تھا بی آر ٹی پشاور کے لیے بینک گارنٹی بھی جعلی نکلی، گارنٹی دینے والے ویسٹ انڈیز بینک کا دنیا میں وجود ہی نہیں۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی خیبر پختونخوا کی نگران حکومت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بی آر ٹی پشاور کو 2 سال میں 6 ارب روپے سے زائد کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔