دس میں سے نو پاکستانی ماہانہ اخراجات کے انتظام میں تناؤ کا شکار

29 اپریل ، 2023

اسلام آباد (قاسم عباسی) گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان سروے کا کہنا ہے کہ 10 میں سے نو پاکستانیوں نے اس بات پر تناؤ محسوس کیا کہ وہ موجودہ افراط زر کی وجہ سے اپنے ماہانہ اخراجات کا انتظام کیسے کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 89 فیصد پاکستانیوں نے حالیہ مہنگائی کی وجہ سے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ باہر کھانا کھانے میں کمی کر دی۔ اسی طرح اعداد و شمار سے انکشاف ہوتا ہے کہ 90 فیصد پاکستانیوں نے مہنگائی کی وجہ سے اپنے سفری اور تعطیلات کے منصوبے منسوخ کردئیے۔جبکہ ایک اور گیلپ سروے بھی اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستانی آبادی کا تقریباً تین چوتھائی (73 فیصد) کا خیال ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ بہر حال 2021 کے اختتام اور کورونا وائرس کے بعد سے عالمی افراط زر بڑھ رہا ہے جیسا کہ دنیا کے بیشتر خطوں میں دیکھا گیا ہے۔ ملک بھر سے بالغ مردوں اور عورتوں کے قومی نمائندہ نمونے سے سوال پوچھا گیا کہ براہ کرم درج ذیل بیانات کے بارے میں سوچیں اور جواب دیں کہ کیا مہنگائی نے آپ کی سماجی/ گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے؟ کیا مہنگائی کی وجہ سے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ باہر کھانے یا ریستوراں میں باہر کھانے میں کمی آئی ہے؟ جواب میں 89 فیصد نے ہاں میں جواب دیا، 9 فیصد نے نہیں میں جواب دیا اور 2 فیصد نے جواب نہیں دیا یا کہا کہ انہیں نہیں معلوم۔ مزید یہ کہ اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے 10 میں سے 9 پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ماہانہ گھریلو بجٹ کا انتظام کرنے پر تناؤ میں ہیں۔ گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے سروے کے مطابق پاکستانی آبادی کا تقریباً تین چوتھائی (73 فیصد) خیال ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہوئی ہے۔ ملک بھر سے بالغ مردوں اور خواتین کے قومی سطح پر نمائندہ نمونے سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کی رائے میں آپ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کو گزشتہ چھ ماہ کے مقابلے میں کیسے بیان کریں گے؟ جواب میں 2٪ فیصد نے کہا کہ یہ بہت بہتر ہے، 10 فیصد نے کہا کہ یہ بہتر ہے، 12 فیصد نے کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں آئی، 40 فیصد نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہو گئی ہے جبکہ 33 فیصد نے کہا کہ یہ بہت خراب ہے اور 3 فیصد نے کہا کہ وہ نہیں جانتے۔ سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 90 فیصد پاکستانیوں نے بتایا کہ انہوں نے جاری مہنگائی کی وجہ سے اپنے سفر اور چھٹیوں کے منصوبے منسوخ کر دیے ہیں۔ ملک بھر کے بالغ مردوں اور خواتین کے قومی سطح پر نمائندہ نمونے سے سوال پوچھا گیا کہ براہ کرم درج ذیل بیانات کے بارے میں سوچیں اور اس کے ساتھ جواب دیں کہ کیا مہنگائی نے آپ کی سماجی/گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے؟ مہنگائی کی وجہ سے سفر میں کمی، اور چھٹیوں کے دوران سیاحتی مقامات پر جانے کا ارادہ؟ جواب میں 90 فیصد نے ہاں میں جواب دیا، 9 فیصد نے نفی میں جواب دیا اور ایک فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا یا کہا کہ انہیں نہیں معلوم۔