کراچی ایکسپریس میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی،ابتدائی تحقیقات

29 اپریل ، 2023

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان ریلوے نے کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی اور 7افراد کی ہلاکت کے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ اے سی بزنس کلاس کی کوچ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ریلوے اپنی ٹیم کے ہمراہ جمعہ کے روز جائے وقوعہ ٹنڈو مستی خان ریلوے اسٹیشن پہنچے، جنہوں نے واقعہ سے متعلق شواہد اکھٹے کرنے سمیت ٹرین ڈرائیور اور دیگر عملے سے آتشزدگی سے متعلق معلومات اکھٹی کیں۔ جلی ہوئی اے سی بزنس کو چ کا معائنہ کیا اور مقامی افراد کے بیانات بھی لئے ،تاہم اس حوالے سے حتمی رپورٹ آئندہ چند روز میں تیار کر کے وزیر ریلوے سمیت دیگر ریلوے حکام کو پیش کی جائے گی جس میں ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔