دو بڑی نجی بس کمپنیوں کو ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر نوٹس جاری

29 اپریل ، 2023

بہاول پور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)2بڑی نجی بس سروس کمپنیوں کی جانب سے ٹریفک اصولوں کی مسلسل خلاف ورزیاں، حادثات میں متعددجانوں کاضیاع،ڈپٹی انسپکٹرجنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ملتان زون کی جانب سے کمپنیوں کو نوٹسز جاری، 7روز کے اندر جواب مانگ لیاگیا،دوسری صورت میں موٹروے پر مستقل پابندی کی وارننگ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹرجنرل نیشنل ہائی وے اینڈموٹروے پولیس،موٹروے سنٹرل- 11زون ملتان کی جانب سے نجی اے سی بس سروسز  کے منیجرزکوجاری کردہ مراسلے میں کہاگیاہے کہ ان کمپنیوں کے ڈرائیورز موٹروے پر مسلسل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، جس کے مطابق  ایک بس سروس  کی جانب سے یکم جنوری 2023ء سے 31مارچ 2023ء تک 187ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں اوورسپیڈ، غلط لائن میں گاڑی چلانا، غفلت سے گاڑی چلانا اورایکسٹرالوڈنگ جیسی خلاف ورزیاں شامل تھیں۔ جبکہ دوسری بس سروس کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ یکم جنوری 2023ء سے 31مارچ 2023ء تک 94 ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں اوورسپیڈ،ناقص لائٹس کااستعمال، لائن کی خلاف ورزی، غفلت سے ڈرائیونگ اور خطرناک حدتک پسنجرزاور سامان کی اوورلوڈنگ شامل ہیں ۔ مراسلوں میں کہاگیاہے کہ اس حوالے سے 7دن کے اندراپناجواب اوروضاحت پیش کریں دوسری صورت میں ان کمپنیوں کی گاڑیوں کاداخلہ موٹروے پر بندکردیاجائے گا۔