پرویز الہٰی سمیت 50سے زائد نامعلوم افراد کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

30 اپریل ، 2023

لاہور(خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے دوران مزاحمت کرنے پرلاہور پولیس نے پرویز الٰہی سمیت 50سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے صدراورسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر آپریشن کے دوران مزاحمت پر دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت 50سے زائد نامعلوم افراد کونامزد کیا گیا ۔ مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ تھانے میں درج کیا گیا۔اینٹی کرپشن افسر کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پٹرول پھینکا گیا، پتھرا ؤکیا، ڈنڈوں سے حملہ کیا، جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو موقع سے فرار کرادیا ۔ دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے گھر چھاپے کے دوران پولیس پر حملے کے الزام میں گرفتار 2افراد کو مقدمے سے خارج جبکہ 17ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پرویز الٰہی کے گھر آپریشن کے دوران پولیس پر حملے کے معاملے پر سماعت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے، کارکنان پر پرویز الٰہی کے گھر پولیس آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے ، پتھراو اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے، ملزمان سے واقع کی تفصیلات اور برامدگیاں کرنی ہیں، ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔پرویز الٰہی اور گرفتار ملزمان کے وکیل عاصم چیمہ اور عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کروا رکھی ہے مگر پولیس نے سابق وزیراعلی پنجاب کے گھر کا غیر قانونی طور پر محاصرہ کیا، گرفتار ملزمان پرویز الٰہی کے گھریلو ملازمین ہیں، ان میں کوئی مالی ہے کوئی باورچی ہے، ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔عدالت نے 17ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے ملزموں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔