پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی کررہی ہیں، فواد چوہدری

30 اپریل ، 2023

اسلام آباد،لاہور(ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی کررہی ہیں ۔ ٹوئٹرپربیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جا میں رکھنا اور ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟ عمران خان کی صدارت میں اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔دریں اثناء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے نتائج تباہ کن ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سا ئٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے دعویٰ کرتے ہو ئے کہا ہے کہ نئی مردم شماری میں کراچی کی ایک اور پنجاب کی سات قومی اسمبلی کی نشستیں کم کی جا رہی ہیں، سارا عمل ہی انتہا ئی متنازعہ اور ناقابل یقین ہے، صرف انتخابات کو رکوانے کیلئے غلطیوں سے بھرپور پراسس اختیار کیا گیا جس کے نتیجے میں ملک کو شدید نقصان پہنچے گا۔