عمران کو دھمکیوں کا الزام مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

30 اپریل ، 2023

کراچی(صباح نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کو دھمکیاں دینے کے الزام پر مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔کراچی کی ملیر کورٹ میں دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مریم نواز اور رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، ایف آئی آر کیلئے پولیس سے رابطہ کیا لیکن درخواست ہی وصول نہیں کی گئی۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ مریم نواز اور رانا ثنا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ن لیگ کے وکیل نے کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے مسترد کی جائے۔بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔