حکومت معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کیلیے پرعزم ہے، وزیر خزانہ

30 اپریل ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کراکرمعیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزارت خزانہ میں ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن (آر آر ایم سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت اشفاق یوسف تولہ، چیئرمین آر آر ایم سی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق محمود پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور آر آر ایم سی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کمیشن کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور ملک کی موجودہ اقتصادی اور مالیاتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود حکومت معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا کر معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔کمیشن کے چیئرمین نے کمیشن کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیر خزانہ کو پیش کی۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس کے نظام میں بڑھتے ہوئے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے وسائل کو متحرک کرنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات کے لیے بہترین تجاویز پیش کرنے کے لیے آر آر ایم سی کی کوششوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں کمیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا گیا اور تمام سٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے بعد کاروبار دوست ٹیکس اصلاحات لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اصلاحات کے تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کو اپنی نیک خواہشات اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔چیئرمین آر آر ایم سی نے اس عمل میں گہری دلچسپی لینے اور جامع اصلاحات کے لیے ان کی حمایت کے لیے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔