حماس کے رہنما اسمٰعیل ھنیہ اور ایرانی وزیر خارجہ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ

30 اپریل ، 2023

دوحا(صباح نیوز)اسلامی تحریک مزا حمت (حماس) کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسمٰعیل ھنیہ اور ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔فون پر بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے فلسطین کی سیاسی اور محاذ جنگ کی صورت حال کے بارے میں بات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی استقامت کی تعریف کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران القدس کو مرکزی مسئلہ سمجھتا ہے اور اس میں ہونے والی صیہونی جارحیتوں اور طرز عمل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے حماس کے قائد کو تہران کے دورے کی دعوت دی اور مزید تفصیلات اور موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لیے ایرانی قیادت سے ملاقات کی دعوت پیش کی۔اسمٰعیل ھنیہ نے دعوت کو قبول کرنے اور جلد ہی تہران جانے کے ارادے کی تصدیق کرتے ہوئے اس دعوت کے لئے ایرانی وزیرخارجہ کا شکریہ اداکیا۔