مقتدر حلقوں کا پاکستان میں متعین امریکی سفارتکاروں کی سرگرمیوں کا نوٹس

30 اپریل ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) مقتدر حلقوں نے پاکستان میں متعین امریکی سفارت کاروں کی خفیہ سرگرمیوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ کہا جارہا ہے ایک افغان نژاد امریکی شہری زلمے خلیل زاد کی بھی اینٹی پاکستان سرگرمیوں کے حوالے سے واشنگٹن کو آگاہ کیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں امریکی سفارت کاروں کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے ان کی سیاسی اکائیوں سے طویل دورانیے کی ملاقاتوں کا نوٹس لیا گیا ہے۔ مقتدر حلقوں کا کہنا ہے یہ امریکی سفارت کاروں کی مداخلت ایسے وقت میں ہورہا ہے جب چین اور پاکستان سی پیک کے حوالے سے بڑے فیصلے کرنے جارہے ہیں۔ امریکی مداخلت جنیوا کنونشن اور ویانا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وزارت خارجہ کی اجازت کے بغیر سیاسی لوگوں سے ملاقاتیں سفارتی آداب کے خلاف ہیں۔ کہا جارہا ہے زلمے خلیل زاد کی پراسرار سیاسی سرگرمیوں سے طالبان اور پاکستان کے تجارتی تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ ا گر یہ امریکی سرگرمیاں بند نہ ہوئیں تو اس کے لیے قانونی اور خارجی امور کو متحرک کرکے ان کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ پاکستان کے مقتدر حلقوں میں یہ تشویش بھی محسوس ہورہی ہے کہ امریکہ بلاوجہ اپنی سیاسی مداخلت سے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن چین اور پاکستان کا اب الگ ہونا مشکل ہے۔