کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پہلے عمران خان اور اب چوہدری پرویز الٰہی نہیں پکڑے گئے یہ انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہے، انتظامیہ میں موجود پی ٹی آئی کے حامی ہمدردیاں لینے کیلئے ناٹک کررہے ہیں، آڈیو سے ثابت ہوا کہ یہاں پارٹی ٹکٹ بھی فروخت ہوتے ہیں، پرویز الٰہی کی کرپشن سے پنجاب سیکرٹریٹ کا بچہ بچہ واقف ہے، عمران خان کا موقف صبح کچھ اور شام کو کچھ اور ہوتا ہے، عمران خان نے سیاسی سوچ سے نہیں سیاسی تخریب کاری کر کے حکومتیں توڑیں۔وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سیاسی طور پر پرویز الہٰی کے ساتھ ہیں،میراپرویزالہٰی اور مونس الہٰی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، یہ وفاقی حکومت کا آپریشن نہیں تھا یہ اینٹی کرپشن پنجاب نے آپریشن کیا ہے۔چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان زین علی بھٹی نے کہا کہ محسن نقوی نے پی ڈی ایم حکومت کو خوش کرنے کیلئے یہ سارا ڈراما رچایاہے، چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے اس کیلئے لفظ مذمت بھی چھوٹا ہے، چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اس واقعہ کی بھرپور طریقے سے مذمت کرنی چاہئے۔ میں رات کے کھانے کے بعد اپنے والدین کے گھر پر ان کے ساتھ تھا، وہ تقریباً ساڑھے دس گیارہ بجے آرام کرنے چلے گئے تو میں اپنے گھر آگیا، میرا گھر میرے والد صاحب کی بیک سائڈ پر ہے، ایک ڈیڑھ گھنٹے بعد مجھے بہت زیادہ شور اور دروازہ توڑنے کی آوازیں آئیں، میں اپنے والد صاحب کے گھر آیا تو والد صاحب کے گھر کے مرکزی دروازے کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور راڈ آئرن کے پیچھے پولیس والے تقریباً پچاس کے قریب اور پرویز الٰہی کی سالی، ان کا وکیل عامر کھڑا ہوا تھا، وہ پولیس والوں کو بار بار کہہ رہے تھے کہ پرویز الٰہی صاحب اس گھر میں موجود ہیں یعنی چوہدری شجاعت صاحب کے گھر میں۔ میں وہاں پہنچا اور انہیں بتایا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں وہ یہاں پر نہیں ہیں، یہاں میرے والد اور والدہ ہیں اندر میں کسی کو نہیں آنے دوں گا، پرویز الٰہی صاحب کی سالی اور میری پھپھو انہیں بار بار کہہ رہی تھیں کہ نہیں وہ اندر ہی ہیں آپ دروازہ توڑیں، میں اس بات پر حیران ہوں، وہ ان کے گھر سے ہی آئی تھیں۔ سیاسی طور پر پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں، پرویز الٰہی کے وکیل بھی ان کے ساتھ ہی تھے، یہ تو وہی بات ہوگئی کہ آپ کے گھر کوئی چوری کرنے آئے آپ بولیں نہیں ساتھ والے گھر چلے جاؤ بلکہ میں آپ کو خود لے جاتا ہوں، میں نے کہا آپ کو اندرونی سچویشن بتادوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر بندہ یہی کہہ رہا ہے کہ شاید یہ ہم نے خود ہی کروایا ہے، میرے اختیار میں بھی ہو تو میں کبھی یہ کام نہ کروں پرویز الٰہی کے خلاف ہو کسی کے بھی خلاف ہو۔ میراپرویزالہٰی اور مونس الہٰی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، رابطہ انہیں کرنا چاہئے کیونکہ ان کو تو خراش نہیں آئی مجھے سات ٹانکے لگے ہیں۔ جی، جی، بالکل۔ اور وکٹم بھی وہ بن گئے ہیں، مطلب عجیب سی سیاست، گھر کے اندر بھی سیاست چل رہی ہے۔ بالکل مذمت ہونی چاہئے، سوفیصد ہونی چاہئے اور میں مذمت کرتا بھی ہوں۔ مجھے وزیراعظم صاحب کی کال آئی ہے انہوں نے بہت افسوس کا بھی اظہار کیا اور اس کی مذمت بھی کی ہے، یہ وفاقی حکومت کا آپریشن نہیں تھا یہ اینٹی کرپشن پنجاب نے آپریشن کیا ہے۔ میں وزیراعظم صاحب سے کہتا ہوں کہ آپ اعلان کریں اس واقعہ کی انکوائری ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر چھاپے کے باوجود حکومت پی ٹی آئی مذاکرات جاری رہنے چاہئیں، اسحاق ڈار نے واضح کردیا ہے کہ چھاپہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مارا تھا اس میں وفاقی حکومت شامل نہیں تھی، زمان پارک پر چھاپہ پڑتا ہے اور عمران خان نہیں پکڑے جاتے، پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ پڑتا ہے اور وہ بھی نہیں پکڑے جاتے، کیا یہ کوئی فرمائشی پروگرام یا نورا کشتی ہوتی ہے کہ ہمیں لیڈر بناؤ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پارلیمنٹرینز کی لمبی فہرست ہے جو اداروں کے بلانے پر پیش ہوئے، گولی لگنے کے تین دن بعد بعد مجھے نیب نے بلایا میں وہاں گیا تو مجھے گرفتار کرلیا گیا، ہم تو کبھی وہیل چیئر پر نہیں بیٹھے نہ کبھی ٹی وی پر آکر نہیں روئے،بہادری کا درس دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا چاہئے، قانون کا سامنا کرنے کے بجائے یہ کیوں بچوں اور خواتین کو ڈھال بنارہے ہیں، ان کے ہاتھ صاف ہیں تو قانون کے سامنے آنا چاہئے، ان کے دل میں چور ہے اس لیے قانون سے بھاگ رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پرویز الٰہی کے دور میں پنجاب سیکرٹریٹ میں کرپشن کی بچہ بچہ گواہی دیتا ہے، پرویز الٰہی کے دور میں 300ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوئی، لاہور سٹی کے ماسٹر پلان میں کئی سو ارب روپے کی کرپشن کی گئی، پرویز الٰہی کے بیٹے کیوں مفرور ہیں پاکستان کیوں نہیں آتے، ان سے کرپشن کا ایک ایک روپیہ وصول کرنا چاہئے ان کی گرفت ہونی چاہئے، نواز شریف نے قانون کا سامنا کیا، جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، عدالتوں کے ڈرٹی جیریز کی اولاد وں اور ساسوں کی ٹیپیں سامنے آرہی ہیں، عدلیہ کا سرکس بنا کر نواز شریف کو نااہل اور منتخب حکومت تبدیل کی گئی، عدالتوں کے ذریعہ ملک پر ایک اناڑی کو مسلط کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے، آڈیوز سے اب ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف میں پارٹی ٹکٹ بھی بکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پہلے عمران خان اور اب چوہدری پرویز الٰہی نہیں پکڑے گئے یہ انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہے، کوئی بعید نہیں انتظامیہ میں ان کے حمایتی اس طرح کے ناٹک کررہے ہیں، یہ فرمائشی پروگرام ہے اس طرح ان کیلئے ہمدردیاں پیدا کی جارہی ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ ادارے اتنے غیرموثر ہیں کہ انہیں گرفتار نہ کرسکیں، یہ انتظامیہ میں پی ٹی آئی کے لوگوں کے ذریعہ ناٹک کررہے ہیں تاکہ ہمدردیاں حاصل کی جاسکیں،پنجاب حکومت کو ایسے بھونڈے آپریشن پر تحقیقات کرنی چاہئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وفاق نے کسی صوبائی حکومت کے فنڈز نہیں روکے تھے، عمران خان اعتراف کرچکے ہیں کہ جنرل باجوہ کے کہنے پر صوبائی اسمبلیاں تحلیل کیں، عمران خان نے جنرل باجوہ کے کہنے پر دو صوبائی اسمبلیاں توڑ کر اپنے پیر پر کلہاڑی چلائی، عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں جمہوری جذبے کے تحت نہیں سیاسی تخریب کاری کیلئے توڑیں، تخریب کرنے والے کو ٹرافی نہیں دی جاسکتی، عمران خان اپنے ہینڈلرز کے بغیر الیکشن نہیں لڑسکتے، عمران خان کے کچھ ہینڈلرز ریٹائر ہوگئے ہیں جبکہ کچھ ہینڈلرز ستمبر کے بعد ختم ہوجائیں گے، عمران خان ہر صورت اپنے ہینڈلرز کی چھتری تلے الیکشن چاہتے ہیں، کسی نے اپنی حماقت سے دو اسمبلیاں توڑیں تو اس حماقت کی سزا باقی دو اسمبلیوں اور مرکز کو نہیں دی جاسکتی، اگلے الیکشن سے پہلے ضابطہ اخلاق بنانا ہوگا تاکہ وہ کسی نئے سیاسی بحران کی بنیاد نہ بنے، اگلا الیکشن متنازع ہوا تو گرداب میں پھنس جائیں گے۔چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان زین علی بھٹی نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر جس مقدمہ میں گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیااس میں انہیں چھ مئی تک عبوری ضمانت مل چکی تھی، اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا تو قانونی ٹیم نے انہیں آگاہ کیا کہ پرویز الٰہی کو ضمانت مل چکی ہے لیکن وہ بضد رہے ہمیں ہر صورت انہیں گرفتار کرنا ہے، ہم نے اینٹی کرپشن کا رابطہ پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ سے کروایا ، پراسیکیوٹر جنرل نے بھی انہیں بتایا کہ عدالت نے چھ مئی تک پرویز الٰہی کو ضمانت دیدی ہے، بکتر بند گاڑی نے جس طرح پرویز الٰہی کے گھر کا دروازہ توڑا میڈیا اس کا گواہ ہے، گھر کی باپردہ خواتین اور گھریلوملازمین کو چھاپے کے دوران زدوکوب کیا گیا یہ ناقابل برداشت ہے، اینٹی کرپشن کے چھاپے کے وقت پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں تھے، یہ پلاننگ کے ساتھ وارنٹ کے بغیر گھر کے دروازے شیشے توڑنے اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے آئے تھے،چوہدری پرویز الٰہی تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کیلئے قابل احترام ہیں ، پرویز الٰہی نے اپنے دورحکومت میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، نگراں حکومت طاقت کے نشے میں اندھی ہوچکی ہے، محسن نقوی نے پی ڈی ایم حکومت کو خوش کرنے کیلئے یہ سارا ڈراما رچایاہے، چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے اس کیلئے لفظ مذمت بھی چھوٹا ہے، ا س طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، وفاقی حکومت اس چھاپے کے پیچھے نہیں تو اس سے اظہار لاتعلقی کرے۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں پی ٹی آئی ٹکٹوں کی تقسیم متنازع ہوگئی ہے، کئی کارکنان سراپا احتجاج ہیں، اس حوالے سے ایک کے بعد ایک آڈیو لیکس آرہی ہیں، آڈیو لیکس سوال اٹھارہی ہیں کہ کیا پنجاب میں ٹکٹس میرٹ پر بانٹے گئے یا سفارشوں اور کروڑوں روپے میں فروخت کیے گئے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم نثار کی پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ابوذر چدھڑ اور اپنے دوست میاں عذیر کے ساتھ جو مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے اس نے ٹکٹ کی تقسیم کے معاملہ کو متنازع کردیا ہے، اہم بات یہ ہے کہ ہم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ٹکٹ ہولڈر ابوذر کی سفارش کرنے کی تصدیق بھی کردی ہے، اس آڈیو لیک میں ابوذر جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب سے کہتے ہیں کہ آپ کی ساری کوششیں رنگ لے آئی ہیں، جس پر نجم ثاقب کہتے ہیں جی مجھے علم ہوا ہے، اب بتائیں کرنا کیا ہے، بس اب بابا سے ملنے آجائیں انہوں نے بہت محنت کی ہے، اس آڈیو میں نجم ثاقب اور ابوذر تصدیق کرتے ہیں کہ ابوذر کو ٹکٹ ان کے والد سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی محنت کی وجہ سے ملا ہے، دوسری آڈیو میں نجم ثاقب اپنے دوست میاں عذیر سے ابوذر کو ٹکٹ دلوانے کے بدلے میں پیسے کی لین دین کی بات کررہے ہیں، اس آڈیو میں نجم ثاقب میاں عذیر سے کہتے ہیں کہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا ایک بیس سے نیچے نہ لینا یہ بہت بڑی چیز ہے۔شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے رابطہ کرنے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس لیک آڈیو پر دلچسپ ردعمل دیا ہے، جب ہم نے ثاقب نثار سے پوچھا کیا یہ آڈیو لیک ان کے بیٹے نجم ثاقب کی ہے ؟ تو ثاقب نثار نے کہا کہ آڈیو لیک میں نجم ثاقب ہی کی آواز ہے مگر نجم کی آواز کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ہے، ثاقب نثار نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے یہ آڈیو لیک بنائی ہے وہ بدترین منافق ہیں، ہم نے ثاقب نثار سے سوال کیا کہ اس آڈیو لیک میں نجم ثقاب کہہ رہے ہیں کہ آپ نے ٹکٹ دلوانے کیلئے بہت کام کیا ہے؟، اس پر ثاقب نثار نے اپنے کردار سے انکار کرنے کے بجائے کہا کہ اس سے کسی کو نقصان ہوا ہو تو بتائیں، آپ کا نقصان ہوا ہے تو بتائیں، میں ایک پرائیویٹ آدمی ہوں کسی کیلئے بھی سفارش کرسکتا ہوں، ہم نے ثاقب نثار سے مزید پوچھا کیا سفارش کرنے کیلئے پیسے بھی لیے جاسکتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ثاقب نثار نے کہا کہ پیسے لینے والے پر لعنت ہو۔ یعنی ثاقب نثار اس بات کا تو اعتراف کررہے ہیں کہ انہوں نے ابوذر کے ٹکٹ کیلئے سفارش کی مگر سفارش کے بدلے میں پیسے لینے کو بے بنیاد قرار دے رہے ہیں۔ شہزاد اقبال کا مزید کہنا تھا کہ دلچسپ پہلو ہے کہ ان آڈیوز میں جس شخص یعنی ابوذر کو ٹکٹ ملنے کی بات ہورہی ہے پاکستان تحریک انصاف نے ابتدائی طور پر پی پی 137 شیخوپورہ سے انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا، امیدواروں کی پہلی لسٹ جو بیس اپریل کو جاری کی گئی اس میں ابوذر کے بجائے ملک اقبال کا نام درج تھا مگر چھبیس اپریل کو پی ٹی آئی نے جو نظرثانی شدہ فہرست جاری کی اس میں ملک اقبال کی جگہ ابوذر کو ٹکٹ جاری کردیا، یعنی یہ ممکن ہے کہ پی پی 137 میں امیدواروں کی تبدیلی کا فیصلہ ثاقب نثار کی سفارش کے بعد کیا گیا ہو۔
اسلام آباد پاکستان عالمی دہشتگردی سے متاثرہ 163 ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔یہ انکشاف گلوبل ٹیرر ازم انڈیکس...
اسلام آباد ایک بڑی پیش رفت کے طور پر، بلوچستان میں اینٹمونی کے نام سے جانی جانے والی سب سے اسٹریٹیجک اور...
کراچی جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز ، حنیف عباسی...
کراچی جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ، سینیٹر طلال...
اسلام آ باد چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی ہے کہ عید الفطر کے بعد سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں...
اسلام آباد رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ہیں جو عمران خان سے...
لاہورپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے امن و امان پر خصوصی...
اسلام آباد اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی...