سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف سندھ ہائیکورٹ بار نے ریفرنس دائر کردیا

30 اپریل ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سندھ بار کونسل نے بھی سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس (شکایت) دائر کردیا،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مس کنڈکٹ کے الزامات عائد کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل سے الزامات کی تحقیقات کرکے انکے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے،فاضل جج کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے،ٹیکس چوری اور منصب کے غلط استعمال کے الزامات عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنے اقدمات اور افعال سے نہ صرف سپریم کورٹ کے وقار کو مجروح کیا اس ساکھ کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے ، مذکورہ افعال کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے جو کسی جج کو اس کے عہدہ سے ہٹانے کیلئے کافی ہے، ریفرنس میں سپریم کورٹ کے 2014 کے ایک فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف آبزرویشن دی تھی جو اس وقت لاہور ہائی کورٹ کے جج تھے، یاد رہے کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف سندھ اور خیبرپختونخوا بار کونسل، پاکستان بار کونسل اورمسلم لیگ(ن) لائرز فورم کے علاوہ ایک شہری غلام مرتضی خان نے بھی مس کنڈکٹ اور آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایات درج کرائی ہیں۔