کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو وفد کے ہمراہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے انڈیا جارہے ہیں، اجلاس کے موقع پر بھارت کے ساتھ باہمی ملاقات کی کوئی درخواست نہیں کی، وزیرخارجہ کا دورہ انڈیا خالصتاً ، خصوصاً ایک کثیر ملکی آرگنائزیشن کا دورہ ہے، یہ اجلاس نیو دلی میں ہو ماسکو میں ہو یا چاند پر ہو اس میں شرکت کرنا پاکستان کے حق میں ہے، کشمیر کا سودا کرنے کی نہ کسی کو اتھارٹی تھی نہ کوئی سودا کرسکتا ہے، فارن آفس میں ہر معاملہ پر کھلی بحث کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، اگر کسی نے کوئی غیرذمہ دارانہ کام کیا تو پاکستان کے عوام کے ساتھ اللہ کو بھی جوابدہ ہوگا، آئی ایم ایف ڈیل کو سفارتکاری کے ساتھ جوڑنا غلط موازنہ ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہی تھیں۔ وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو وفد کے ہمراہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے انڈیا جارہے ہیں، پاکستان نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر بھارت کے ساتھ باہمی ملاقات کی کوئی درخواست نہیں کی، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا دورہ انڈیا خالصتاً ، خصوصاً ایک کثیر ملکی آرگنائزیشن کا دورہ ہے، یہ اجلاس نیو دلی میں ہو ماسکو میں ہو یا چاند پر ہو اس میں شرکت کرنا پاکستان کے حق میں ہے، پاکستان کی غیرت پاکستان کے مفاد کا تحفظ کرنا ہے، ایس سی او اجلاس میں شرکت پاکستان کے مفاد میں ہے، ایک کثیرملکی فورم پر اپنی سیٹ صرف بھارت کی وجہ سے خالی نہیں چھوڑی جاسکتی، ہمیں دوسروں کی دشمنی میں اپنے ساتھ دشمنی نہیں کرنی چاہئے۔ پاکستان میں سارک کانفرنس میں انڈیا کے شرکت نہ کرنے کے سوال پر حنا ربانی کھر کا کہنا تھاکہ سارک کانفرنس اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن اجلاس کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، سارک کانفرنس میں کوئی ایک ملک بھی شریک نہ ہو تو کانفرنس نہیں ہوتی ، شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن اجلاس میں کوئی ملک شرکت نہ کرے تو کانفرنس ختم نہیں ہوتی، موجودہ عالمی صورتحال میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن بہت اہم آرگنائزیشن بن گئی ہے، پاکستان نے اس تنظیم کا فل ممبر بننے کیلئے بہت تگ و دو کی تھی، ایس سی او سیکیورٹی معاملات پر بہت اہم ہے معاشی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فارن پالیسی میں شفافیت دکھائی ہے، محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور میں سیاچن کا مسئلہ تقریباً حل کروادیا تھا، چور دروازے سے فارن پالیسی چلانا کبھی بھی فائدہ مند نہیں ہوتا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کوئی ڈھکی چھپی فارن پالیسی نہیں ہے۔ انڈیا کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے پاکستان کی شرائط کے سوال پر وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان اس سلسلہ میں کہتا ہے کہ انڈیا عالمی قوانین کی پاسداری اور سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کو تسلیم کرے، انڈیا اپنی غلطیاں مان کر انہیں درست کرے، خطے میں استحکام پاکستان کی دیرینہ خواہش ہے اس سے پاکستانی عوام کو بھی استحکام ملے گا، انڈیا میں پچھلے دس سال سے جو ماحول ہے اس نے مسائل بڑھائے ہیں۔ میزبان کے سوال کیا جنرل باجوہ نے واقعی کشمیر بیچ دیا ہے؟ کے جواب میں حناربانی کھر نے کہا کہ عمران خان کے دور میں وزیراعظم اور وزراء اپوزیشن لیڈر کی طرح بات کرتے تھے، کشمیر کا سودا کرنے کی نہ کسی کو اتھارٹی تھی نہ کوئی سودا کرسکتا ہے، فارن آفس میں ہر معاملہ پر کھلی بحث کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، عمران خان کو ٹرمپ سے میٹنگ کرنے پر ہار پہنائے گئے، اگر کسی نے کوئی غیرذمہ دارانہ کام کیا تو پاکستان کے عوام کے ساتھ اللہ کو بھی جوابدہ ہوگا، ہم جب تک ہیں ذمہ داری کے ساتھ معاملات کرنے کی کوشش کریں گے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق سوال پر حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ مذاکرات ان سے کیے جاتے ہیں جن سے بہتری کی امید ہو، پاکستانیوں کو شہید کرنے والے کسی گروہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہماری اولین ترجیح پاکستان کے عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے، افغان حکومت نے دنیا کو دہشتگردی کیلئے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کی گارنٹی دی ہے اس کمٹمنٹ پر عملدرآمد ان کی ذمہ داری بنتی ہے، پاکستان نے افغانستان کے لوگوں کی مہمانداری کرتے ہوئے اپنی سیکیورٹی کو داؤ پر لگایا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ ہر سطح پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، افغان حکومت کو پاکستان کے تحفظات ہر طریقے سے پہنچادیئے ہیں، افغان حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پاکستان کی سیکیورٹی کو سنجیدہ لیتے ہیں، افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملہ پر ہم ریجنل بلاک کے ساتھ چل رہے ہیں، یوکرین جنگ کے بعد دنیا کی افغانستان میں دلچسپی بہت کم ہوگئی ہے ۔
اسلام آباد پاکستان عالمی دہشتگردی سے متاثرہ 163 ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔یہ انکشاف گلوبل ٹیرر ازم انڈیکس...
اسلام آباد ایک بڑی پیش رفت کے طور پر، بلوچستان میں اینٹمونی کے نام سے جانی جانے والی سب سے اسٹریٹیجک اور...
کراچی جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز ، حنیف عباسی...
کراچی جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ، سینیٹر طلال...
اسلام آ باد چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی ہے کہ عید الفطر کے بعد سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں...
اسلام آباد رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ہیں جو عمران خان سے...
لاہورپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے امن و امان پر خصوصی...
اسلام آباد اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی...