فخر کی 180رنز کی شاندار اننگز، پاکستان نے دوسراون ڈے بھی جیت لیا

30 اپریل ، 2023

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔کیویز کے 337رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ویل ینگ اور چیڈ بوویس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 33 رنز پر کیویز کی پہلی وکٹ گرگئی اور ویل ینگ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد چیڈ بوویس بھی 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 183 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 129 رنز بنا کر مچل آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد ٹام لیتھم نروس نائینٹیز کا شکار ہوگئے اور 98 رنز پر حارث کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یوزی لینڈ کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا مستحکم آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 66 رنز پر گری جب امام 24رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد بابر اور فخر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم بابر 65 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے، تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 7رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔چوتھی وکٹ پر رضوان اور فخر نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کی بدولت گرین شرٹس نے 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے احسان اللہ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جب کہ شاہین آفریدی نے احسان اللہ کو ون ڈے کیپ پہنائی۔احسان اللہ کو پاکستان کی جانب سے 242ویں ون ڈے کیپ دی گئی ہے۔پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان شامل ہیں۔آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔