سینیٹر سلیم مانڈوی والاسے ریکا کے وفد کی ملاقات

30 اپریل ، 2023

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ریئل اسٹیٹ کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (ریکا) کے وفد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو کے چئیرمین سینیٹر سلیم مانڈووی والا سے انکے چیمبر میں ملاقات کی اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی اور ریئلٹرز کو درپیش مسائل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ سیکریٹری ریکا نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پاکستان کی معاشی ترقی کا سب سے اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ ریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ حکومت اور ریکاے تعاون سے ایک مربوط ایکشن پلان تیار کیا جا سکتا ہے۔سیکرٹری ریکا کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر کسی بھی قسم کے اضافی ٹیکس پر رئیلٹرز کا شدید ردعمل آئے گا۔ اس بار رئیلٹرز خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں رئیلٹرز کا بنیادی کردار تھا۔ حکومت کی طرف سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے اقدامات کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 7E جیسے غیر قانونی اور غیرمنصفانہ ٹیکس کا خاتمہ خوش آئند ہے اب پاکستان میں فری ہولڈ پراپرٹیز کا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ فری ہولڈ پراپرٹیز سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریگولیٹ کر کے باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا جائے۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا ایکٹ فوری طور پر نافذ کرنے سے اس صنعت کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا ۔