کپاس کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئینگےسیکرٹری زراعت

30 اپریل ، 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ ) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار سہو نے کہا ہے کہ پنجاب میں کپاس کی بحالی کے ایکشن پلان 2023 پر عملدرآمد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں گے،وہ کپاس کے ایکشن پلان 2023پر عملدرآمد کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ)رانا فقیر احمد، ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ عبدالقیوم،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر سمیت کاٹن زون کے ڈسٹرکٹ و ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس سال کپاس کی بوائی کا ہدف50لاکھ ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف82 لاکھ26 ہزارگانٹھ مقرر کیا گیا ہے جس میں جنوبی پنجاب کاحصہ91 فیصد ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ کپاس کے زیرکاشت رقبہ اور پیداواری ہدف کے حصول کے لئے تمام اداروں کو قومی جذبہ کے تحت ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔انھوں نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے بوائی سے قبل 8500 روپے فی من امدادی قیمت مقرر کی گئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کپاس کی12 منتخب شدہ اقسام کے بیج پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کر رہی ہے جبکہ یوریا کھاد پر سبسڈی کے لئے 11 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کاٹن سیزن کے دوران فیلڈ عملے کی زرعی سرگرمیوں کے علاوہ تمام ایکسٹرا ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ وہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کپاس کی بوائی کے ہدف کو حاصل کر سکیں۔