کے ای یونیورسٹی میں آرتھوسکوپی پرتربیتی ورکشاپ ،جدید طرز پرآپریشن

30 اپریل ، 2023

لاہور(جنرل رپورٹر)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ آرتھوپیڈک کے زیر اہتمام گھٹنے کے فریکچر پر آرتھوسکوپی کے ذریعے تربیتی ورکشاپ ہوئی ۔ ورکشاپ کا مقصد کھیل کے دوران کھلاڑیوں میں گھٹنے کی ہڈی کی انجری یا حادثاتی طور پر ہونے والی گھٹنے کی انجری کے حوالے سے زیر تربیت ڈاکٹرز کو جدید سرجری اور طریقہ علاج بارے تربیت اور آگاہی دینا تھا۔اس موقع پر چئرمین شعبہ آرتھوپیڈک پروفیسر محمد اقبال مرزا، پروفیسر فیصل مسعود، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر محمد ہارون حامد، پروفیسر فرحانہ سجاد، پروفیسر عمر بٹ، ڈاکٹر کامران بٹ، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر عثمان قاضی اور معروف آرتھوپیڈک سرجنز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا تھیم "درد سے نقل و حرکت تک" تھا وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔انہوں نےکہاکہ ادارے میں تربیتی سرگرمیوں کا تسلسل سے جاری رہنا خوش آئند ہے سیکھنے اور سکھانے کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ مریضوں کو بہترین نگہداشت اور علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے ۔