صوبہ بھر کے سکولوں کی کینٹینزکا 5دنوں میں چیکنگ کافیصلہ

30 اپریل ، 2023

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبہ بھر میں 2 ہزار 29 تعلیمی اداروں کی کینٹین، کیفے ٹیریاز 5 دنوں میں چیک ہوں گے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا سکولوں،کالج،یونیورسٹیوں کے کیفے ٹیریا اور کینٹین کی چیکنگ مہم شروع کرنے اور ٹیموں کو ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دے دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے سکولوں،کالج اور یونیورسٹیوں میں موجود کیفے ٹیریا اور کینٹین کی چیکنگ مہم کے آغاز کو فیصلہ کرتے ہوئے ٹیموں کو ناقص اور غیر معیاری اشیاء خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایات دیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں کولڈ ڈرنکس سمیت سرخ کیٹیگری میں شامل اشیاء کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ کاربونیٹیڈ،انرجی ڈرنکس،مصنوعی مشروبات کے علاوہ گٹکا اورچھالیہ پر عائد پابندی کو یقینی بنایا جائے۔راجہ جہانگیر نے بتایا کہ آئس لولیز اوربرف گولا سمیت بچوں کی صحت کو متاثر کرنیوالی اشیائے خورونوش کی فروخت ممنوع ہے۔طلبہ کو صاف پانی، تازہ پھل اور ڈیڑی پراڈکٹس ترجیحی بنیادوں پر فروخت کی جائیں۔