پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ رولز منظور ،6.3ارب کی فوری ادائیگیاں ممکن

30 اپریل ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ سے) پنجاب حکومت نے صوبے میں کام کرنے والے 6لاکھ ورکرز کی فلاح و بہبود پراربوں روپے فنڈز کے استعمال کے لئے پنجاب ورکرز ویلفئیر فنڈ رولز 2021کی منظوری دے دی ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق پنجاب میں مختلف کارخانوں ، فیکٹریوں اور انڈسٹریز سمیت دیگر جگہوں پر کام کرنے والے ورکرز کومیرج گرانٹ ، ڈیتھ گرانٹ اور بچوں کی تعلیم کے لئے ٹیلنٹ سکالرشپس کی مد میں ادائیگیوں کے لئے پنجاب ورکرز ویلفئیر فنڈ ایکٹ 2019بنایا گیا لیکن گزشتہ 4سال سے رولز نہ بننے کی وجہ سے مذکورہ مدوں میں ورکروں کو 7ارب روپے کی ادائیگیاں نہ کی جا سکیں۔ رولز نہ بننے کی وجہ سے گزشتہ چار سال 18ہزار کیسوں میں ورکروں کو ادائیگیاں نہ کی جاسکیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے منظوری کے بعد ورکرز کو فوری طور پر ورکرز ویلفئیر بورڈ کے پاس پڑے 6.3ارب روپے کی فوری طور پر ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائیگا۔ اس حوالے سے ’’جنگ ‘‘ کے رابطہ کرنے پر سیکرٹری ورکرز ویلفئیر بورڈ پنجاب توقیر الیاس چیمہ نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے پنجاب ریونیو اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو 10سے12ارب روپے اکٹھے کرکے ویلفئیر بورڈ کو دیتا ہے جس سے ورکروں کے بچوں کو مفت تعلیم کے علاوہ ان کی وفات یا شادیوں پر ان کی مالی امداد کی جاتی ہے۔ سیکرٹری ورکرز ویلفئیر بورڈ نے بتایا کہ محکمہ کے ذمہ مزدوروں کے 7ارب روپے کے واجبات جنہیں جس میں سے 6.3ارب فوری ادا کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ورکرز ویلفئیر بورڈ ای او بی آئی کی طرز پر ورکرز گرانٹس کی مد میں حاصل ہونے والے پیسے کو مختلف شعبوں میں انویسٹ کرتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والا منافع بھی ورکرز میں تقسیم کر دیا جاتا ہے لیکن فی الحال مزدوروں کو بقایا جات کی ادائیگیوں کے بعد سرمایہ کاری کے لئے ان کے پاس رقم نہیں بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال کی ریونیو کلیکشن کے بعد بورڈ سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔