ثاقب نیازی گٹھ جوڑ، نیب نیازی گٹھ جوڑ سے زیادہ خطرناک، ن لیگ

30 اپریل ، 2023

لاہور،فیصل آباد (خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل)سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک پرمسلم لیگ ن نے اپنے رد عمل میں کہاثاقب نیازی گٹھ جوڑ، نیب نیازی گٹھ جوڑ سے زیادہ خطرناک ہے ۔جب والد چیف جسٹس تھے تب کیا قیامت ڈھاتے ہونگے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ جن کے ریٹائر ہوکر یہ حالات ہیں، سوچیں جب وہ طاقت کے نشے میں اپنی کرسیوں پر فرعونِ وقت بنے بیٹھے تھے تو کس طرح اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوں گے ،نواز شریف چپ ہے مگر اللہ تعالی کی قدرت کہ اسکے خلاف سازش کرنے والے سازشیوں کا گھنائونا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ سوچیں، انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھ کر ریاست کی تقدیر کے فیصلے ساسوں، دامادوں اور بچوں کو entertain کرنے کی خاطر یا انکے مالی مفادات کی خاطر ہورہے ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں ایسا گھنائونا عدالتی مذاق آج تک کسی ریاست کے ساتھ نہیں ہوا ہوگا۔ عمران اور اسکو کو مسلط کرنے والے پاکستان کے مجرم ہیں اور قرار واقعی سزا کے مستحق ہیں۔ ریاست انصاف کی منتظر ہے!۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ چھوٹے چھوٹے ٹکٹ دلوانے پر ریٹائرڈ بابا زحمتے کو کروڑوں ملتے ہیں تو دوبارہ وزیراعظم بنوانے پر حاضر سروس کو کیا ملے گا؟۔ ممکنہ طور پر ایک اضافی سال سروس کا ۔ اپنے پسندیدہ ججوں کی ترقیاں۔۔ قاضی فائز عیسی کا حتمی حل بصورت ایک ریفرنس۔دریں اثنا وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے کہنے پر پی ٹی آئی کی ٹکٹیں ملنے سے ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا رابطہ بحال بھی ہے اور فعال بھی ہے ،وزیر داخلہ سے بات کی ہے نجم ثاقب کی آڈیو کی تحقیقات کی جائیں اور نوٹس جاری کیا جائے۔ آپ نے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کس حیثیت میں لیا ہے ،ریٹائرمنٹ کے بعد جس شخص کا صاحبزادہ پی ٹی آئی کی صوبائی ٹکٹ کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لے رہا ہے جب والد صاحب حاضر سرو س ہوں گے تو کیا قیامت برپا کرتے ہوں گے، پی ٹی آئی میں سب سے زیادہ بولی دینے والوں کو ٹکٹیں ملی ہیں ، یہ تاثر عام ہو چکا کہ خواجہ طارق رحیم ،ثاقب نثار اور کچھ اور لوگ شامل ہیں وہ مل کر سہولت کاری میں کردار ادا کر کے عمران خان کو ریلیف دلوا رہے یں اور وہ کرپشن میں بھی حصہ دار ہیں،پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں فرقہ عمرانیہ ہے ،، فرقہ عمرانیہ لوگوں نے نہیں بنایا بلکہ باہر کی فرموں کو اربوں روپے دے کر فرقہ عمرانیہ کو پروان چڑھایا گیا ہے ،مذاکرات رسمی کارروائی نہیں ہے ، مذاکرات ہمیشہ ہونے چاہئیں اور مثبت نتیجے کی امید رکھنی چاہیے ۔ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پہلے عمران خان سے ملاقات کیلئے فیس رکھی گئی لیکن بات اس سے آگے جا چکی ہے اور پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے لئے پیسے لئے گئے ،اس میں کوئی ایک دعویدار نہیں جو پیسے اکٹھے کرے بلکہ ہر امیدوار کو کئی مرحلے طے کر کے متعدد لوگوںکو اس میں رشوت دینی ہوتی ہے ، اس میں جو پیسے اکٹھے ہوئے عمران خان نے ایک غلہ رکھا ہے جس میں یہ جمع کرائے جاتے ہیں ،یہ غلہ بہت پہلے جب بشریٰ صاحبہ آئی تھیں وہ ساتھ لے کر آئیں تھیں اور اس میں پیسے جمع کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو سامنے آئی ہے ، ہم نے ثاقب نثار کو پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ آپ ریٹائر ہو چکے ہیں آپ ریٹائرمنٹ کی زندگی گزاریں اور سیاست سے اپنے آپ کو دور رکھیں ،جو نیب نیازی گٹھ جوڑ تھا اس سے زیادہ خطرناک ثاقب نیازی گٹھ جوڑ ہے جس میں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا ،جے آئی ٹی بنائی گئی اورمانیٹرنگ جج مقرر کئے گئے ، عمران خان کو اوپن فیلڈ دی گئی کہ تمہارے سیاسی مخالفین کو سیاسی میدان سے آئوٹ کر کے بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا،تم اپنی سیاست کرو اور تمہارے سیاسی مخالفین کے ہاتھ پائوں باند ھ دئیے جائیں گے ، خواجہ طارق رحیم ہماری پارٹی کے لوگوں کو تھریٹ کرتے ہیں کہ باز رہیں ورنہ میں یہ کر دوں گا وہ کردوں گا،آپ کہتے ہیں میرا معزز بندیال صاحب کے سسر سے سات دہائیوں کا تعلق ہے ، پھر تو آپ کو ان کی عدالت میں پیش ہونا ہی نہیں چاہیے آپ کا کیس اس عدالت میں نہیں لگنا چاہیے ،آپ کس منہ سے دوسروں کو باتیں کرتے ہیں۔ مریم نواز کے بارے میں آپ نے اور ثاقب نثار نے جو گفتگو کی وہ آپ کو زیب نہیں دیتا ۔جب آپ 1985میں وکیل تھے تب بھی یہ بات مشہور تھی آپ مخالف پارٹی سے پیسے لے کر کیس ہار جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا ثاقب نثار کے صاحبزادے کو کہہ رہا ہے کہ ایک کروڑ 20لاکھ میں ٹکٹ والی بات فون پر نہ کرو ، لیکن ثاقب نثار کے صاحبزادے کی دیدہ دلیری دیکھیں وہ بات کرتا ہے ، وہ کہہ رہا ہے کہ ابو نے ٹکٹ دلوائی ہے ، اس کا مطلب ہے کہ ابو کا اور عمران خان کا رابطہ بحال بھی ہے فعال بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیرن کے کیس میں وکلاء کو کہا جاتا ہے آپ یہ کیس مت لڑو ، ججز کو فون کئے جاتے ہیں پیغامات بھجوائے جاتے ہیں ،عمران خان کے لئے سہولت کاری کی جاتی ہے کہ اس یک خلاف کوئی فیصلہ نہ آئے اس کی ضمانت کا جلد فیصلہ کرایا جائے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد جس شخص کا صاحبزادہ پی ٹی آئی کی صوبائی ٹکٹ کے لئے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لے رہا ہے جب والد صاحب حاضر سرو س ہوں گے تو کیا قیامت برپا کرتے ہوں گے، آپ نے انصاف کی بڑی دھجیاں اڑائی ہیں اب بس کر دیں ، ایک سیاسی پارٹی کی محبت میں اس کی سہولت کاری میں آپ نے تمام سیاستدانوں کو گھر بھیج دیا ، نیازی آف شو ر سروسز لمیٹڈ کا کیس آیا تو آپ نے کہا کہ عمران خان بری ہے اوراسے ثاقب اور امین کا سرٹیفکیٹ ٹھپہ لگا کر حوالے کر دیا ۔ رشوت کا معاملہ انتہائی سنگین معاملہ ہے ،آپ کی ایک سیاسی جماعت سے اتنی قربت ہے کہ آپ کے کہنے پر صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ٹکٹیں دی جارہی ہیں ۔ پی ٹی آئی میں ٹکٹیں سب سے زیادہ بولی دینے والے کو مل رہی ہیں،امیدوار نے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے تو صرف نجم ثاقب کو دیا جو اعجاز چوہدری کو دیا گیا جو صوبائی بورڈ کے ممبران کو دیا ہوگا وہ کتنا ہوگا ، یہ باتیں ہو رہی ہیں کہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ کاریٹ چھ کروڑ روپے ہے ۔ جلیل شرقپور ی اور بلال وڑائچ جو مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ گئے وہ اس امید میں گئے تھے کہ انہیں وہاں سے ٹکٹ مل جائے گا لیکن ان کے پاس ادا کرنے کے لئے پیسے نہیں تھے انہیں ٹکٹ نہیں ملے ، جس نے زیادہ بولی لگائی اس نے خیر پائی ، بولی لگانے والوں کو ٹکٹیں جاری ہو چکی ہیں ۔جس طرح ٹینڈر کے دو رائونڈ ہوتے ہیں کہ زیادہ بولی نہ ملے تو ٹینڈر منسوخ ہو جاتا ہے اسی طرح یہاں ریو یو کے نام پر زیادہ بولی لگائی گئی اور زمان پارک میں جا کر نذرانے چڑھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو ٹرک کی آڈیو سامنے آئی تھی اس کی آج تک تحقیقات نہیں ہوئیں ،ریٹائرڈ چیف جسٹس کا صاحبزادہ ایک کروڑ بیس لاکھ لینے کا اعتراف کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ابو کا شکریہ ادا کریں اس کی بھی تحقیقات ہوں گی یا نہیں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نا اہل کرنے کی وجہ سے ملک کا جو نقصان ہوا اس کا جواب کون دے گا، ، ثاقب نثار کی باقیات آج بھی کام کر رہی ہیں ۔یہ تاثر ہے کہ ثاقب نیازی گٹھ جوڑ ہے عدلیہ میں اثر انداز ہونے میں کردار ادا کر رہا ہے ، انصاف ہونا نہیں چاہیے بلکہ انصاف ہوتا بھی نظر آنا چاہیے ۔یہ تاثر عام ہو چکا کہ دو تین لوگ خواجہ طارق رحیم ثاقب نثار اور کچھ اور لوگ شامل ہیں وہ مل کر سہولت کاری میں کردار ادا کر کے عمران خان کو ریلیف دلوا رہے یں اور وہ کرپشن میں بھی حصہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان قمر جاوید باجوہ کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں کہ انہوں نے میری حکومت گرائی اور پھر اگلے ہی لمحے کہتے ہیں میں اور جنرل باجوہ نے مل کر اپنی صوبائی حکومتیں گرائیں،جس شخص کے ساتھ کوئی ذہنی مسائل ہوں یا وہ ایسی اشیاء کا استعمال کرتا ہو جن سے انسان کی سوچ متاثر ہوتی ہے وہی اس طرح کا بیان دے سکتا ہے ۔حکومتیں توڑ دینا کوئی بچوں اور گڈا گڈی کا کھیل ہے ،آپ انہیں میر جعفر اور میر صادق کہتے ہیںپھر کہتے ہیں میں نے ان کے ساتھ مل کر حکومتیں توڑیں ، آپ انہیں غدار کہہ رہے ہیں پھر ان سے مل کیوں رہے ہیں، عمران خان کی سہولت کاری پاکستان کے خلاف سازش ہے ۔میں نے وزیر داخلہ سے بات کی ہے کہ نجم ثاقب کی آڈیو کی تحقیقات کی جائیں اور نجم ثاقب کو نوٹس جاری کیا جائے آپ نے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کس حیثیت میں لیا ہے ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مونس الٰہی نے اپنے والد کے حالیہ دور وزارت اعلیٰ میں کرپشن کے پیسے سے سپین میں جائیدادیں بنائی ہیں ، ہم تو پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ نامزد کر آئے تھے لیکن اس نے اپنے والد کو غلط راستے پر لگا کر مروایا ۔جب والد پر مشکل وقت آ یا ہے تو مونس الٰہی ملک چھوڑ کر بھاگ گیا ،ان کا یہی انجام یہی ہونا تھا ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے مذہب کو سیاست سے دور رکھیں ، ایک اجتماع میں جس طرح ایک بچے سے بات کرائی گئی وہ انتہائی قابل مذمت ہے ، اس بچے کے بیان کے بعد عمران خان یا کسی نے یہ نہیں کہا کہ بچے نے نا سمجھی میں یہ بات کر دی، پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں فرقہ عمرانیہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات رسمی کارروائی نہیں ہے ، مذاکرات ہمیشہ ہونے چاہئیں اور مثبت نتیجے کی امید رکھنی چاہیے ۔علا وہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ ٹکٹیں بیچو یا انصاف کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو مسلط کرنے والا مین مہرہ ثاقب نثار تھا، ثاقب نثار موجودہ حالات کے ذمہ دار ہیں۔طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار آڈیو لیک پر کہتے ہیں فیصلوں کے حوالے سے(کنسلٹنسی ) مشاورت کر رہا تھا،(کنسلٹنسی کا اردو میں مطلب دلالی ہے) ثاقب نثار اور ان کے گھر والوں کی تلاشی لی جانی چاہیے، ٹکٹیں بیچو یا انصاف کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔آج ایک اور آڈیو لیک نے نواز شریف کی بے گناہی ثابت کردی، ثاقب نثار اس ملک کے لیے تباہی لے کر آئے۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ آج مہنگائی کی شرح آسمان سے باتیں کر رہی ہے، آج دہشت گردی پھر شروع ہو گئی ہے، ثاقب نثار ملک میں تباہی لایا، سازش کرنے والے مہروں کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔طلال چودھری نے کہا کہ دو روپے کی روٹی 20 روپے تک پہنچنے کی وجہ یہ فیصلےہیں، یہ مخصوص فیصلے ملک کو یہاں تک لانے کے ذمہ دار ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو بھی سب کے سامنے آئی، نواز شریف کو انصاف دینے کے لیے اور کتنی گواہیاں چاہئیں، آڈیو لیک پر سوموٹو نوٹس ہونا چاہیے۔