پرویز الٰہی پر دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ درج، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو 6 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ

30 اپریل ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر،نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے دوران مزاحمت کرنے پر پرویز الٰہی سمیت 50سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔اینٹی کرپشن افسر کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پٹرول پھینکا گیا، پتھرا ؤاور ڈنڈوں سے حملہ کیاگیا جبکہ پرویز الٰہی کو موقع سے فرار کرادیا گیا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ضمانتی دستاویزات وصول ہونے کے بعد پرویز الٰہی کو 6 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کاغذات کے مطابق عدالت نے پرویز الٰہی کو 6 مئی تک عبوری ضمانت دی ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے گھر سے گرفتار ہونیوالے افراد پولیس حراست میں ہیں،جن کے خلاف پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم پر پیٹرول بم پھینکنے اور پتھراؤ کا مقدمہ درج ہے۔