چادرچاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، مذمت کیلئےالفاظ نہیں ،شاہ محمود

30 اپریل ، 2023

اسلام آباد،لاہور(خصوصی رپورٹر،ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔مجھے اتنا افسوس ہے اس کی مذمت کے لئے الفاظ نہیں ہیں پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ حکومت کی کارستانی نہیں تو لاتعلقی کرے، میں اسلام آباد سے چوہدری پرویز الٰہی سے اظہار ہمدردی کے لئے آیا ہوں۔میں چوہدری پرویز الٰہی کے عزم کو داد دیتا ہوں۔ دنیا جانتی ہے جب شریف فیملی پر مشکل وقت آیا تو مشکلات کی بجائے چوہدری صاحب نے ریلیف دلوایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف اس وقت ایک آزمائش سے گزر رہی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے زمان پارک عمران خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا تھا۔ عمران خان کی اہلیہ گھر میں اکیلی تھی۔ امپورٹڈ حکومت نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا تھا۔ کل ہماری نشست ہوئی تو ہائیکورٹ میں پیشی کے وقت تینتیس لوگوں کو اٹھا لیا گیا تھا۔ میں نے مذاکرات کی ٹیبل پر کہا ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف گرفتاریاں یہ کیا ہو رہا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ آئین میں نوے روز کے اندر الیکشن کرانے کے پابند ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے تو تحریک انصاف تسلیم کرتی ہے۔ اصل وجہ مذاکرات کے معاملے پر پی ڈی ایم میں دراڑ ہے۔سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی کررہی ہیں ۔ ٹوئٹرپربیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جا میں رکھنا اور ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟