ایم 6 موٹروے کرپشن کیس، ملزم ایک ارب ساڑھے 24 کروڑ دینے کو تیار

30 اپریل ، 2023

لاہور،اسلام آباد(نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) ایم 6 موٹروے میگا کرپشن کیس کے ملزم عاشق حسین نے ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (ڈی جی نیب) کراچی کو پلی بارگین کی درخواست دےدی۔ملزم کا کہنا ہے کہ وہ نیب کو ایک ارب 24 کروڑ 40 لاکھ سے زائد کی رقم بطور پلی بارگین دینے کو تیار ہے۔ملزم نے پلی بارگین کی درخواست کےساتھ حلف نامہ میں املاک کی تفصیل بھی فراہم کردی ہے، ملزم کا کہنا ہے کہ نیب اس کی نشاندہی پر 63 کروڑ 36 لاکھ روپےکی ریکوری کرچکی ہے۔ملزم کا کہنا ہے کہ یہ رقم مٹیاری اور نوشہرو فیروز کو جاری ہونیوالے فنڈز سے حاصل کیں۔خیال رہے کہ ایم 6 موٹروے نوشہرو فیروز سیکشن میں پونے 4 ارب روپے کا غبن کیا گیا تھا جبکہ ایم 6 موٹروے مٹیاری سیکشن میں سوا 2 ارب روپے کا غبن کیا گیا تھا۔مجموعی طور پونے6 ارب روپے کے سرکاری فنڈز کا غبن کیا گیا تھا۔