تمباکوپراضافی ٹیکس ، سگریٹ نوشی میں کمی ،ریونیو میں اضافہ

18 مئی ، 2023

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)فروری میں سگریٹ پر ٹیکس میں اضافے سے قومی خزانے میں 15ارب روپے سے زائد ریونیو جمع ہوا،ماہرین صحت و سماجی حلقوں نے کہاہے کہ حکومت تمباکو پر ٹیکس میں اضافے پر ثابت قدم رہےکیونکہ اس سے بڑے پیمانے پر سگریٹ نوشی میں کمی میں مدد ملے گی اور قومی خزانے میں خاطرخواہ ریونیو جمع ہوگا، سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف چائلڈ (سپارک)کے زیر اہتمام کانفرنس میں صحت کے کارکنوں نے تمباکو پر ٹیکس لگانے پر ایک سمولیشن ماڈل پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے جیت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز کے کنٹری ہیڈ ملک عمران نے کہا ، فروری 2023 میں سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی وجہ سے مالی سال 23-2022 میں 11ارب30کرو ڑاضافی ایف ای ڈی ریونیو حاصل کیا گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.7 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 23-2022 میں اضافی 4.4ارب روپےویلیو ایڈڈ ٹیکس ریونیو حاصل کیا گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.5 فیصد زیادہ ہے۔ ٹوبیکو کنٹرول سیل وزارت صحت کے سابق ٹیکنیکل ہیڈ ڈاکٹر ضیاء الدین نے کہا ہر سال 170,000 سے زائد افراد تمباکو کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس وباء کی وجہ سے سالانہ 615 ارب کا معاشی بوجھ بھی پڑتا ہے ،سپارک کے پروگرام مینیجر خلیل احمد ڈوگر نے کہا تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اپنے بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے نقصانات سے بچانے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔