حکومت کو عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق سگریٹ پر ٹیکس لگانا ہوگا،سول سوسائٹی

21 مئی ، 2023

اسلام آباد (جنگ نیوز)صحت کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے حکومت سے سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پناہ سے تعلق رکھنے والے ثناء اللہ گھمن نے کہا ہے کہ حکومت کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سفارشات کے مطابق باقاعدگی سے سگریٹ پر ٹیکس لگانا ہوگا۔ مہم برائے تمباکو فری بچوں (سی ٹی ایف کے) کے کنٹری ہیڈ ملک عمران نے کہا ہے کہ فروری 2023 میں سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی وجہ سے مالی سال 23-2022 میں اضافی 11.3 ارب ایف ای ڈی ریونیو حاصل ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.7 فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ٹیکسوں میں اضافہ معیشت کے لیے فائدہ مند ہے ،ڈاکٹر ضیاء الدین اسلام نے کہا ہے کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑا خاموش قاتل ہے کیونکہ ہر سال ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد تمباکو کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قیمتوں میں اضافہ پیداوار اور کھپت میں کمی لاتا ہے جس سے صحت کی لاگت کا بوجھ کم ہوتا ہے۔ پروگرام منیجر ایس پی اے آر سی خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ تمباکو کی صنعت کی جانب سے پاکستان کے بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ "متبادل تمباکو نوشوں" کو بھرتی کیا جا سکے۔ بڑھتی ہوئی قیمتیں ان قاتل مصنوعات کو بچوں اور کم آمدنی والے گروہوں کی خرچ کرنے کی طاقت سے دور رکھنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔