ٹیکس بڑھانے کا نتیجہ،غیر قانونی سگریٹ کی تجارت میں 42فیصد اضافہ

22 مئی ، 2023

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) ٹیکس بڑھانے کا نتیجہ،غیر قانونی سگریٹ کی تجارت میں 42فیصد اضافہ،ا سمگل شدہ سگریٹ میں کئی گنااضافہ ہونے سے قانونی کمپنیاں بند، سینکڑوں ملازمین بیروزگار ہونیکا خدشہ ہے،ملک میں غیر قانونی اور سمگل شدہ سگریٹ کی تجارت میں کئی گنا اضافہ ہونے سے قانونی سگریٹ کمپنیاں کے بند ہونے اور سیکٹروں ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ملک میں سگریٹ پر ٹیکسوں میں اضافہ سے سمگل شدہ اور غیر قانونی سگریٹ کی تجارت میں 42فیصد اضافہ ہوا ہے، ایف بی آر سے غیر قانونی سگریٹ کے خلاف سخت کریک ڈائون کرنے کا مطالبہ کیا گیاہےاور کہا ہےکہ ٹیکس پالیسیاں مارکیٹ کے اصل حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی جائیں، پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے ملک میں غیر قانونی اور سمگل شدہ سگریٹ میں اضافے اور اس کے سگریٹ انڈسٹری پر پڑنے والے اثرات پر تفصیل سے پریزنٹیشن دی اور بتایا قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے سے سمگل شدہ سگریٹ سمیت مقامی ٹیکس چوری شدہ غیر قانونی سگریٹوں کی فروخت میں شدید اضافہ ہوا ہے۔پاکستان بیورو آف شماریات کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق قانونی تمباکو کی صنعت کی جانب سے تیار کردہ حجم میں مارچ میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو فروری میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کے بعد فروخت کا پہلا مہینہ ہے، جبکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ صنعت میں بھی 25 فیصد کمی ہوئی ہےپاکستان ٹوبیکو کمپنی کے سینئر منیجرقاسم طارق کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ غیر قانونی سگریٹ اور سمگل شدہ سگریٹوں میں جنوری 2023 سے اب تک بالترتیب 32.5 فیصد اور 67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اور اس وقت غیر قانونی سگریٹ تجارت کا حجم کل مارکیٹ کے 42.5 فیصد سے زائد ہو چکا ہے۔ ٹریک اینڈ ٹریس کے نفاذ کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے متعدد ہدایات کے باوجود ابھی تک مکمل طور پرنفاذ عمل میں نہیں لایا جا سکا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سگریٹ فیکٹریوں پر ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام فوری طور پر نفاذ کرے ۔ قاسم طارق نے کہا کہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مطلع کر دیا ہے کہ غیر قانونی سگریٹ تجارت میں اضافہ کی وجہ سے قانونی سیکٹر کے مارکیٹ شئیر میں خطرناک حد تک کمی ہوئی ہے۔ اس لیے پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے اپنی چار مینوفیکچرنگ مشینوں کو پاکستان سے واپس ایکسپورٹ کرنے کا کا فیصلہ کیا ہے۔