پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے زیادہ قدامات کی ضرورت ہے،اقوام متحدہ اے ڈی بی

26 مئی ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)اقوام متحدہ اورایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے تناظرمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کی ضرورت پرزوردیا ہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیراہتمام منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اب بھی 2022 کے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے کی کوششیں کررہاہے ، ملک کے ایک تہائی حصے کو متاثر کرنے والے سیلاب سے 1700 افراد ہلاک اور تقریباً 80 لاکھ بے گھر ہوئے تھے۔ یونیسیف کے نمائندے نے بتایا کہ سیلاب کے چھ ماہ بعد بھی 10 ملین لوگوں کوپینے کے صاف پانی تک رسائی میں مشکلات کاسامنا تھا۔ اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل میں انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی ڈائریکٹر زیانابونا پاسے نے پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے بدترین سیلاب کے حوالے سے اعدادوشمارپیش کئے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کو 15.2 ارب ڈالر کے معاشی نقصان کا سامنا ہےجس سے مجموعی قومی پیداوارپرفرق پڑاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ، 9.1 ملین لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے اور 1.9 ملین لوگ تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات سے دور ہوچکے ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مستا سوگو آسا کاوانے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیاں سرحدوں سے ماورا ہوتی ہیں۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پرزوردیا۔ان کا کہنا تھا کہ بینک ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کاسلسلہ جاری رکھے گا۔