شہدا ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں،مرکزی علما کونسل پاکستان

26 مئی ، 2023

فیصل آباد (اے پی پی):مرکزی علما کونسل پاکستان کے زیر اہتمام جمعرات کو یوم تکریم شہدائے پاکستان بھرپور طریقے سے منایا گیا۔اس موقع پرجامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں شہداکیلئے ایصال ثواب اور خصوصی دعا کے اہتمام سمیت افواج پاکستان، پولیس، رینجر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔25مئی یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب میں چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، پیر جی خالد محمود قاسمی، مولانا یوسف فاروقی،حافظ مقبول احمد، مولانا منظور احمد، مولانا رب نواز، مولانا اعظم فاروق، مولانا عابد فاروقی، مولانا نعیم طلحہ، مولانا الطاف اللہ فاروقی، قاری ثاقب عزیز، مولانا عمر فاروق، مولانا عبدالواحد قاسمی، مولانامحمد سلیمان،مولاناارباز، ماسٹر نثار احمد،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، قاری مشتاق احمد،عامر مقبول اور قاری اسماعیل رحیمی نے بھی خطاب کیا۔ چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پاکستان کی قربانیاں قابل فخر ہیں اورآج پوری قوم ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے چونکہ شہدائے پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں اور شہداکی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں لہٰذا قوم اپنے ہیروز غازیوں اور شہدا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 9مئی کے المناک واقعات کی مذمت کرتے ہیں جبکہ جن لوگوں نے فوجی تنصیبات پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کئے وہ کسی معافی کے لائق نہیں ہیں اسلئے شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنانے والے افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آج شہدا کے مقدس خون سے وفا کا دن ہے کیونکہ پاکستان کے محسن وطن عزیز پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے بہت عظیم لوگ تھے۔