بھارت یاسین ملک کو جیل میں قتل کرنیکی سازش کررہاہے،مشعال ملک

26 مئی ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) سینئر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت یاسین ملک کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے،یاسین ملک کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے، جو کشمیری بندوق سےخاموش نہ ہو اسکا عدالتی قتل کروا دیا جاتا ہے،بھارتی عدالتیں کشمیریوں کو انصاف فراہم نہیں کرر ہیں، یاسین ملک کیس عالمی عدالت میں لڑنے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد بار کونسل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یاسین ملک کو بھارتی حکومت نے غیر قانونی حراست میں رکھا ہے مقبول بٹ کو تہاڑ جیل میں قتل کیا گیا، یاسین ملک کو تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے اور بھارت انہیں قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں انصاف کا قتل اس طرح کیا جائے جیسے بھارت میں کیا جا رہا ہے ،پاکستانی وکلاء سے درخواست ہے وہ یاسین ملک کیس کو سٹڈی کر یں ،یاسین ملک کیس کو عالمی عدالت میں لڑنے کی ضرورت ہے،بھارت کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے،بھارتی عدالتیں کشمیریوں کو انصاف فراہم نہیں کرر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو کشمیری بندوق کے زور پر خاموش نہ ہوا اسے عدالت کے زریعے قتل کروا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرائیویٹ فرم نے بتایا دوہزار لوگوں کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے جنکو مارا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی حکومت کو آگے آنا ہوگا۔