بھارت مقبوضہ کشمیر میں ڈھا ئے گئے،مظالم چھپا کر دنیا کو گمراہ کررہا ہے،حریت کانفرنس

26 مئی ، 2023

سرینگر(اے پی پی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کےبارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف مودی حکومت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور دوسری طرف مقبوضہ علاقے میں جی 20اجلاس کا انعقاد کرکے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی فوجی قبضے میں گزشتہ 7دہائیوں سے ظلم و جبر اور خونریزی کا نشانہ بن رہے ہیں۔حریت کانفرنس نے کہا کہ موجودہ سنگین صورتحال میں یہ دنیا کے ہر انصاف پسند فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی برداری کو مظلوم کشمیریوں کی فریاد سن کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کو اپنا دوہرا معیارترک کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور جموں و کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم پر مودی حکومت کو جوابدہ ٹھہرایاجاناچاہیے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری مشترکہ بیان اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری بیان میں مودی حکومت کی میزبانی میں سرینگر میں منعقدہ جی 20اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر چین، ترکیہ، سعودی عرب، مصر،انڈونیشیا، میکسیکو اور عمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کامقصد 5اگست 2019کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنا اوردنیا کو یہ تاثر دینا تھا کہ جموں و کشمیر میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔