آزادکشمیر کے نوجوانوں میں بے انتہا ٹیلنٹ موجودہے، راحیلہ خان

26 مئی ، 2023

کوئٹہ/بلوچستان(جنگ نیوز)سابق اسپیکر وچیئرپرسن وویمن پارلیمنٹرینز کاکس بلوچستان راحیلہ خان درانی سے ڈائریکٹر سپورٹس آزادکشمیر ملک شوکت حیات خان نے اہم ملاقات کی، راحیلہ خان نے ملک شوکت حیات خان کو 91 رکنی کھلاڑیوں کے دستے کے ہمراہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام 34 وویں نیشنل گیمز میں شرکت کرنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راحیلہ خان درانی نے کہا کہ آزادکشمیر میرا دوسرا گھر ہے۔ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں ۔آزادکشمیر کے نوجوانوں میں بے انتہاء ٹیلنٹ موجود ہیں۔ راحیلہ خان درانی نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ گہری وابستگی رکھتی ہوں۔ بلوچستان اور آزاد کشمیر کے رشتے ازلی اور ابدی ہیں۔ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ راحیلہ خان درانی نے مزید کہا کہ 34 ویں نیشنل گیمز کا کردار ملک میں اتفاق واتحاد کو برقراررکھنے میں انتہائی اہم ہے۔