دنیا بھر میں 5کروڑ افراد جدید غلامی کا شکار

26 مئی ، 2023

لندن ( نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں5برسوں کے دوران جدید غلامی کے شکار افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس معاملے میں شمالی کوریا اور اریٹیریا کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔لندن میں شائع ہونے والی ایک تازہ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ جدید غلامی کا شکار ہونے والے لوگوں کی تعداد میں حالیہ برسوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم واک فری کے ذریعے جاری کردہ گلوبل سلیوری انڈیکس کے مطابق 2021ء میں 5کروڑ لوگ جدید غلامی کے حالات میں زندگی گزار رہے تھے۔ اگر 5برس قبل کے تخمینوں سے اس کا مقابلہ کیا جائے تو اس میں ایک کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ واک فری نے جدید غلامی کی تعریف کرتے ہوئے جبری مشقت، قرض کی غلامی، جبری شادیاں اور انسانی سمگلنگ کو اس میں شامل کیا ہے۔ جدید غلامی نظروں سے پوشیدہ ہوتی ہے اور دنیا کے ہر کونے میں موجود ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جدید غلامی میں رہنے والوں میں سے 2کروڑ 76لاکھ لوگ جبری مشقت کا شکار ہیں۔ اس طرح دنیا کے ہر 150 افراد میں سے تقریباً ایک اس سے متاثر ہے۔