بھارتی ہٹ دھرمی خطے کے امن کیلئے خطرہ بن رہی ہے،عزیر غزالی

26 مئی ، 2023

مظفرآباد(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی اجلاس میں چین، ترکیہ، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی عدم شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔بھارتی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ اقوامِ متحدہ آگے بڑھ کر پاس شدہ قراردادوں اور عوامی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالے۔ پاسبانِ حُریت جموں کشمیر۔میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عُزِیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام عوامی جمہوریہ چین، مملکت سعودی عربیہ، ترکیہ سمیت دیگر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے G20 اجلاس کے نام پر دنیا کو گمراہ کرنے کی بھارتی سازش اور اقدام کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ میں تسلیم شدہ متنازعہ ریاست جموں کشمیر کے اندر ہزاروں فوجیوں اور کمانڈوز کے پہرے میں G20 اجلاس کا انعقاد عالمی ادارے کے ضابطوں اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے جی ٹوئنٹی کے باقی ممبر ممالک سے اپیل کی کہ وہ سرینگر میں بھارتی فوجیوں کے پہروں سے باہر نکل کر عام شہریوں سے ملاقاتیں کر کہ وہاں کے زمینیں حقائق کو معلوم کریں۔ جہاں بھارتی قابض فوجی نہتے شہریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہے ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت مکروفریب سے جموں کشمیر کی اصل صورتحال اور متنازع حیثیت کو تبدیل کر سکتا ہے اور نہ ہی اپنے جنگی جرائم کو چھپا سکتا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے امن اور انصاف پسند ممالک سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں آزادانہ طور استصواب رائے کے عمل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔