جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب ،شہدا یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو قوم معاف کریگی نہ بھو لے گی،آرمی چیف

26 مئی ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ9مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔ شہدا یادگاروں کی بے حرمتی کرنیوالوں کو قوم معاف کریگی نہ بھولے گی۔ یوم تکریم شہدا کی مرکزی تقریب جنرلز ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور جوانوں نے شرکت کی۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کیا۔انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فوج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ عوام اور فوج شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ شہدا جنہیں اللہ نےحیاتِ جاوداں عطا فرمائی اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔