جناح ہائوس حملہ،16ملزمان آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیلئے کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کاحکم،عمران،بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کے 600سے زائد رہنمانوفلائی لسٹ میں شامل

26 مئی ، 2023

کراچی (جنگ نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرا کے مقدمے میں آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کردیا۔جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے600سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلیےگئے۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیرا اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں کمانڈنگ افسرنے آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 شرپسندوں کی حراست مانگی۔عدالت نے کمانڈنگ افسر کی اپیل پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرلی۔عدالت نے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 شرپسندوں کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس پی کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارورائی کے لیے کمانڈنگ افسر کے حوالے کرے، کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشل ایکٹ کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے اوراب ملزمان کے خلاف مزید کارروائی آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ہوگی۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 600 سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلیےگئے۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق 9مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں عمران خان سمیت 600 سے زائد سابق ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی عہدیداروں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیےگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ بیرون ممالک جانے سے روکنےکے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ایف آئی اے کی پروونشل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل) میں ڈالےگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ مرادسعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری ، اسد قیصر، یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہےکہ گزشتہ 3 روز میں بعض عہدیداروں نے بیرون ممالک جانےکی کوشش بھی کی، بیرون ممالک جانےکی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی ارکان اور عہدیداروں کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا، ان کو بیرون ممالک سفر سے روکنےکے لیے نام پولیس، سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے ارسال کیے تھے۔