عمرا ن خان نے کارکنوں کے کورٹ مارشل کی کارروائی ،سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی

26 مئی ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرٹیکل245اور پارٹی ورکرز کی پکڑ دھکڑ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کا آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کا اقدام بھی چیلنج کردیا۔عمران خان نے ایڈووکیٹ حامد خان کی وساطت سے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرتے ہوئے وفاقی حکومت، نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، آصف زرداری، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان، نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، اعظم خان سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ یہ سارا ڈرامہ نواز شریف اور مریم نواز کا رچایا ہے، ان دونوں نے پروپیگنڈہ کیا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، حالانکہ میں نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور ساتھ کھڑا رہا، پلوامہ واقعے پر27فروری 2019کو پاک فوج کو سپورٹ کیا۔انہوں نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ آرٹیکل245کے نفاذ کو غیر آئینی قرار دے، تحریک انصاف کے کارکنان کو فوری رہا کرنے کا حکم دے، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سویلینز کا کورٹ مارشل غیر آئینی قرار دے، 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جبری علیحدگیوں کو غیر آئینی قرار دے۔